بریک اِن ہسٹری
گورنمنٹ سروس کے اصولوں میں سے ایک اصول وہ ہے جس کو بریک ان سروس (break-in-service) کہاجاتا ہے، یعنی شکستِ ملازمت۔ ایک آدمی گورنمنٹ سروس میں ہے اور دس سال یا بیس سال کے بعد وہ اچانک رخصت لیے بغیر دفتر میں حاضر نہ ہو تو اس کی سینئرٹی (seniority) ختم ہوجائے گی اور دوبارہ وہ اپنی ملازمت کی ابتدائی تاریخ میں پہنچ جائے گا۔ اسی معاملے کو بریک ان سروس کہا جاتاہے۔
اِسی قسم کا ایک اور معاملہ ہے جس کا تعلق صرف سروس سے نہیں ہے، بلکہ ہر انسان سے ہے۔ اس کو بریک اِن ہسٹری (break in history) کہاجاسکتاہے، یعنی شکستِ تاریخ۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک شخص ایک کام شروع کرے، پھر کچھ دنوں کے بعد ا س کو چھوڑ دے اور کوئی دوسرا کام کرے۔ یہ اس کے لیے بریک ان ہسٹری کے ہم معنی ہوگا۔ اگر کوئی شخص بار بار اپنے کام کو چھوڑے تو اس کی زندگی میں بریک ان ہسٹری کا واقعہ بار بار پیش آئے گا۔ ایسے انسان کی کوئی تاریخ نہ بن سکے گی۔ لوگوں کی نظر میں اُس کی کوئی ایسی پہچان نہیں بنے گی جو اس کو دنیامیں کوئی بڑا مرتبہ دینے والی ہو۔
واقعات بتاتے ہیں کہ بریک اِن سروس کا معاملہ بہت کم کسی کے ساتھ پیش آتا ہے، لیکن بریک اِن ہسٹری کا معاملہ اتنا زیادہ عام ہے کہ بہت کم افراد اُس سے مستثنیٰ نظر آئیں گے۔ بہت سے لوگ جو فطری طور پر نہایت ذہین ہوتے ہیں، مگر بریک ان ہسٹری کی وجہ سے وہ کوئی بڑی ترقی حاصل نہیں کر پاتے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ کام شروع کرنے سے پہلے بہت زیادہ سوچے، بہت زیادہ دعاء کرے، لوگوں سے بہت زیادہ مشورہ کرے، وہ بہت زیادہ مطالعہ کرے، تاکہ وہ اپنے آپ کو ایک ایسے کام میں لگا سکے جس میں بریک اِن ہسٹری کی نوبت نہ آنے والی ہو۔ جب وہ کوئی کام شروع کردے تو وہ کامل صبر کے ساتھ اس کو جاری رکھے۔ صبر ہی واحد چیز ہے جو کسی آدمی کو بریک اِن ہسٹری کے تباہ کن انجام سے بچانے والی ہے۔