جنت کا ٹکٹ

ایک مسلمان نے دوسرا نکاح کر لیا۔ اس پر اُن کی پہلی بیوی بہت ناراض ہوگئیں۔دوسرے نکاح سے پہلے وہ ایک دین دار خاتون مشہور تھیں۔ مگر دوسرے نکاح کے بعد انہوں نے گھر کے اندر اتنا طوفان برپا کیا کہ اُن کے شوہر دل کے مریض بن گئے۔ میں نے مذکورہ خاتون کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طورپر موجودہ عملی حالات میں دوسرے نکاح کا قائل نہیں ہوں۔ مگرآپ کے لیے یہ دوسرا نکاح گویا ایک خدائی امتحان تھا جس میں آپ ناکام ہوگئیں۔ یاد رکھئے، جنت کا ٹکٹ موافق حالات میں دین داری پر نہیں ملتا بلکہ وہ غیر موافق حالات میں دین داری پر ملتا ہے۔

قرآن میں ارشاد ہوا ہیــــــکیا لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ صرف یہ کہنے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ ہم ایمان لائے اور اُن کو جانچا نہ جائے گا۔ (العنکبوت ۲۔۳)۔

اصل یہ ہے کہ دین داری کی دو صورتیں ہیں۔ ایک ہے، معمول کے حالات میں دین داری۔ دوسری دین داری وہ ہے جب کہ حالات غیر موافق ہو جائیں۔ جب آدمی کو اپنے بھڑکے ہوئے جذبات پر قابو رکھ کر دینی حکم کا پابند بننا پڑے۔ اسی دوسری صورت حال کا نام آزمائش ہے۔ قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی عورت یا مرد کے لیے جنت کا فیصلہ صرف اُس وقت ہوتا ہے جب کہ اُس پر اس دوسری نوعیت کے حالات گذر یں۔ مگر وہ اپنے آپ کو پوری طرح قابو میں رکھے۔ وہ غیر معمولی حالات میں بھی اُسی طرح دینی تقاضوں پر عمل کرے جس طرح کوئی شخص معمول کے حالات میں دینی تقاضوں پر عمل کرتا ہے۔

جانچ کا یہ لمحہ ہر مسلم عورت اور ہر مسلم مرد پر ضرور آتا ہے۔ مزید یہ کہ جانچ کا یہ لمحہ اعلان کے ساتھ نہیں آتا بلکہ وہ اعلان کے بغیر آتاہے۔ جولوگ اس لمحہ کو پہچانیں اور جانچ میں پورے اُتریں وہی کامیاب ہیں اور جو لوگ اس لمحہ کو نہ پہچانیں اور جانچ میں پورے نہ اُتریں وہ اللہ کی نظر میں ناکام قرار پائیں گے، خواہ کسی اور اعتبار سے بظاہر وہ کتنا ہی زیادہ دین دار بنے ہوئے ہوں۔

Magazine :
Share icon

Subscribe

CPS shares spiritual wisdom to connect people to their Creator to learn the art of life management and rationally find answers to questions pertaining to life and its purpose. Subscribe to our newsletters.

Stay informed - subscribe to our newsletter.
The subscriber's email address.

leafDaily Dose of Wisdom