068
1984 میں سابق وزیر اعظم ہند، مسز اندرا گاندھی (پیدائش 1917)کے حکم کے تحت امرتسر میں واقع سکھوں کی مذہبی عبادت گاہ ہرمندر صاحب (گولڈن ٹیمپل) میں فوجی کارروائی کی گئی۔ اس فوجی کارروائی کو آپریشن بلو اسٹار (Operation Blue Star)کہاجاتا ہے۔ سکھوں کے نزدیک یہ ان کے مقدس مقام کی بے حرمتی کے ہم معنیٰ تھا۔چنانچہ سکھوں کا طبقہ ان سے ناراض ہو گیا ۔ یہاںتک کہ کچھ انتہا پسند سکھوں نے انھیں31 اکتوبر 1984کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے بی بی سی ریڈیو نے کہا تھا:
(The assasination of Mrs Indira Gandhi by Sikh youths) has effectively nullified Maneka Gandhi as a political force. Moreover, this murder has triggered of “a wave of sympathy” in favour of Rajiv Gandhi.
مسز گاندھی کے قتل نے مینکا گاندھی کو بحیثیت سیاسی طاقت کے بالکل ختم کردیا۔ مزید یہ کہ اس کے بعد راجیو گاندھی کے حق میں ہمدردی کی زبردست لہر پیدا ہوگئی ہے۔ جن لوگوں نے مسز اندرا گاندھی کو قتل کیا تھا انھوں نے بطور خود یہ سمجھا تھا کہ وہ اندرا فیملی کو سیاست کے میدان سے ہٹا رہے ہیں۔ مگر اسی قتل کے بعد اندرا فیملی مزید طاقت کے ساتھ سیاست کے میدان میں واپس آگئی۔ آٹھویں الکشن (1984) میں کانگریس کو ہمیشہ سے زیادہ لوک سبھا کی سیٹ ملی، یعنی کل 401۔
غیر دانش مندانہ اقدام کا نتیجہ اکثر الٹا نکلتا ہے، اور مذکورہ واقعہ الٹا نتیجہ نکلنے کی ایک عبرت ناک مثال ہے۔
